
محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ مستونگ میں دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور کی شناخت کے لیے نادرا سے رابطہ کیا ہے۔
ایک بیان میں سی ٹی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ حملہ آور کے اعضا ڈی این اے کے لیے بجھوائے جا رہے ہیں، دھماکے کے مقام کی جیو فینسنگ بھی کرائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مستونگ خودکش دھماکے میں 52 افراد جاں بحق اور 66 زخمی ہوئے تھے۔
وزیرِ داخلہ ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے
دوسری جانب نگراں وفاقی وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سرفراز بگٹی سانحہ مستونگ سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں آئی جی بلوچستان اور چیف سیکریٹری نگراں وفاقی وزیرِ داخلہ کو بریفنگ دیں گے۔