شہری کی تنخواہ ہڑپ کرنے کے ملزمان کی درخواستِ ضمانت خارج

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے شہری کی تنخواہ ہڑپ کرنے کے ملزمان کی درخواستِ ضمانت خارج کر دی گئی۔

سپریم کورٹ میں محکمۂ تعلیم کے 2 ملازمین نے اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مسرت ہلالی نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت ایک ملزم کی عدم پیروی جبکہ دوسرے کی وکلاء کے دلائل کے بعد درخواستِ ضمانت خارج کر دی گئی۔

سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ افسوس ہے کہ محکمۂ تعلیم پنجاب کا یہ حال ہے۔

جسٹس سردار طارق مسعود کا کہنا تھا کہ غریب سے زیادتی ہوئی، سیلری ہڑپ کر لی پھر مزید پیسے بھی لے لیے۔

سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ ملزم نے مدعی کو سرکاری اسکول میں چوکیدار کی نوکری دلوائی، ایک سال ملزم اس چوکیدار کی سیلری اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرواتا رہا، ساتھی ملزم کے ساتھ مل کر سیلری دلوانے کے لیے مزید 70 ہزار روپے مانگے، چوکیدار نے بیوی کا زیور بیچ کر مزید رقم ملزمان کو دے دی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ نئی پرنسپل نے تحقیقات کروائیں تو پتہ چلا کہ ملزم کے اکاؤنٹ میں سیلری آتی رہی ہے۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب نے فراڈ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔




Supply hyperlink

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top