
تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ عوامی پزیرائی اتنی زیادہ ہے کہ لیول پلینگ فیلڈ نہ ہونے کے باوجود ہمیں نقصان کا خدشہ نہیں۔
انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عام انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کے پاس لیول پلینگ فیلڈ موجود نہیں اور دی بھی نہیں جا رہی، الیکشن کمیشن کے سامنے لیول پلینگ فیلڈ کے حوالے سے بار بار اپنے خدشات رکھے ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ 90 روز میں انتخابات کرانے کے اپنے فیصلے پر عمل بھی کرائے، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کا اجراء آئین کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ادارہ 90 دن سے آگے انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دے سکتا، انتخابات کی تاریخ دینا صدر کا آئینی استحقاق ہے، آئینی بحران نمٹانے کی ساری ذمے داری سپریم کورٹ کے کندھوں پر آن پڑی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی انتخابات ہونے یا نہ ہونے کی افواہیں ختم ہوں گی۔
بیرسٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا ہے کہ سپریم کورٹ انتخابات کرانے کےحوالے سے سپریم کورٹ بار اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر فیصلہ سنائے۔