
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات سے متعلق بات کی ہے۔
فاروق ستار نے حال ہی میں ’جیو نیوز‘ پر نشر کیے جانے والے پاکستان کے سب سے بڑے کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے شعروں سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔
شو کے دوران میزبان تابش ہاشمی اور ناظرین کی جانب سے پوچھے گئے دلچسپ سوالات کے جواب بھی دیے۔
فاروق ستار سے ایک پرستار کی جانب سے پہیلی بھی پوچھی گئی جس پر انہوں نے معذرت مانگ لی اور جواب ملنے پر نوجوان کو داد بھی دی۔
ایک سوال کہ پاکستان میں آئندہ ہونے والے الیکشن میں وزیر اعظم کون بنے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جیسے جانداروں کے لیے آکسیجن اور مچھلی کے لیے پانی ضروری ہے، ہم سیاست دانوں کے زندہ رہنے کے لیے الیکشن بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں خواہش کا اظہار تو ضرور کر سکتا ہوں مگر واضح بتا نہیں سکتا ہوں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہو گی کہ بلاول بھٹو زرداری کے فارم ہاؤسز اور کھیتوں میں کام کرنے والے ہاری (کسان) کا بیٹا وزیرِ اعظم بن جائے، یا پی پی پی کا کوئی کارکن وزیرِ اعظم بن جائے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح میری خواہش ہے کہ مسلم لیگ ن کی انڈسٹریز میں کام کرنے والا کوئی ملازم وزیرِ اعظم بن جائے جو پڑھا لکھا ہو اور سیاسی سوجھ بوجھ بھی رکھتا ہو۔
فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ عوام میں سے کوئی وزیرِ اعظم بن کر سامنے آئے۔