
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران ایل ای ڈی لائٹس اور موبائل فون کی آڑ میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے جاوید بلوچ کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کی جانب سے صدر کراچی کے پیراڈائز سینٹر میں چھاپہ مارا گیا، اس دوران ریکارڈ ضبط کر کے 2 تاجروں محمد سلمان اور محمد یاسین کو حوالہ اور ہنڈی کرانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے جاوید بلوچ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 7 لاکھ 65 ہزار 470 چینی یوآن حوالہ کے ذریعے منتقلی کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ لاہور کا شہزاد عرف سام بھائی نامی تاجر ملزمان کو چینی کرنسی فراہم کرتا تھا، ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشنز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں چینی یوآن اور غیر ملکی کرنسی کی ترسیل کے شواہد ملے ہیں۔
ملزمان یکم جنوری سے 8 اگست تک 75 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی رقم کی حوالہ ہنڈی میں ملوث پائے گئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید بلوچ کے مطابق مختلف ممالک کی الیکٹرانک مصنوعات کی خرید و فروخت کے عوض رقوم بھیجی گئیں۔